چین: ڈریگن کشتی کے حادثے میں 17 افراد ہلاک

،تصویر کا ذریعہEPA
جنوبی چین میں ایک ڈریگن کشتی کے حادثے میں 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حادثے کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ اس کی وجہ کشتی کو لگنے والا بجلی کا شدید جھٹکا ہو سکتا ہے۔
ٹی وی پر دکھائی جانے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سنیچر کے روز ایک لمبی کشتی جو کہ کشتی رانوں سے بھری ہوئی تھی پانی میں الٹ گئی جبکہ دوسری جانب سے اسی مقام پر آنے والی ایک اور کشتی بھی ڈوب گئی۔
گوئلن شہر میں دریا کے بالکل بیچ میں کل 60 افراد پانی میں تقریباً ڈوب گئے تھے۔
امدادی کارکنوں نے 40 افراد کو پانی سے نکال لیا تھا۔
چینی خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق حادثے کے بعد تقریباً 200 امدادی کارکنوں کو اس مقام کی جانب بھیجا گیا۔

،تصویر کا ذریعہAFP
سی سی ٹی وی کے براڈکاسٹر کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ اس جگہ پر پیش آیا ہے جہاں دریا کے پانی کے دو بہاؤ ایک جگہ ملتے ہیں اور اس سے شدید بجلی کا جھٹکا پیدا ہوتا ہے۔
ذرائع ابلاغ کی خبروں کے مطابق پانی میں الٹنے والے زیادہ تر افراد نے جان بچانے والی جیکٹیں نہیں پہن رکھی تھیں۔
ان خبروں کے مطابق اس مشق کا انعقاد پولیس کو بتائے بغیر ہی کیا گیا تھا جس کے وجہ سے دو منتظمین کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
خیال رہے کہ ڈریگن بوٹ ریسنگ ایشیا میں کافی مقبول ہے اور چین میں تو ڈریگن بوٹ فیسٹیول روایتی چھٹیوں کے طور پر منایا جاتا ہے جس دوران ملک بھر میں ان کے مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے۔





















