شام میں روسی بمباری میں غلطی سے تین ترک فوجی ہلاک، پوتن کی تعزیت

،تصویر کا ذریعہRex Features
شام میں روسی فضائی حملے میں غلطی سے ترک فوجیوں کی ہلاکت پر روس کے صدر ولادی میرپوتن نے اپنے ترک ہم منصب کو فون کر کے تعزیت کی ہے۔
فضائی حملے میں ہلاک ہونے والے تین ترک فوجی شمالی شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے زیرِ قبضہ شہر الباب کو آزاد کروانے کے لیے لڑنے والے باغیوں کی مدد کر رہے تھے۔
ترکی اور روس اگرچہ شام کی جنگ میں مخالف دھڑوں کی حمایت کرتے ہیں لیکن دونوں دولتِ اسلامیہ کے خلاف مل کر کارروائی کر رہے ہیں۔
ترک افواج کے مطابق روسی فضائیہ کے جہاز نے الباب شہر کے قریب ایک عمارت کو نشانہ بنایا جہاں ترک فوج تعینات تھے جس کے نتیجے میں تین فوجی ہلاک ہوگئے۔
جمعرات کو پیش آنے والے اس واقعے میں گیارہ ترک فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ ترک افواج کے مطابق روسی جہاز دولتِ اسلامیہ کو نشانہ بنا چاہتے تھے اور ترک فوجی غلطی سے بمباری کا نشانہ بن گئے۔

،تصویر کا ذریعہAFP
روس کے حکام کے مطابق صدر پوتن نے ترک صدر کو فون کرکے اس ’المناک‘ واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر پوتن نے صدر اردوغان کو بتایا کہ یہ حادثہ دونوں ممالک کے درمیان شام کے معاملے پر تعاون کے فقدان کے باعث پیش آیا ہے۔
روسی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے شام میں شدت پسندوں کے خلاف مل کر کام کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
دوسری جانب ترک افواج کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک مل کر اس واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ روس اور ترکی اس سال کے اوائل سے الباب کے علاقے میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف مشترکہ فضائی کارروائی کر رہے ہیں۔



















