آپ اس وقت اس ویب سائٹ کا ٹیکسٹ پر مبنی ورژن دیکھ رہے ہیں جو کم ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔ مرکزی ویب سائٹ جہاں تمام تصاویر اور ویڈیوز موجود ہیں دیکھیے
کولمبیا میں سر پر نرس گرنے سے ڈاکٹر ہلاک
کولمبیا کے ایک ہسپتال کی چھٹی منزل سے گرنے والی نرس نیچے کھڑی ایک ڈاکٹر پر جا گری جس کے باعث نرس تو زخمی ہوئیں لیکن ڈاکٹر ہلاک ہو گئیں۔
کالی شہر میں پیش آنے والے اس واقعے میں زیرِ تعلیم ڈاکٹر ازابیل مونز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گئیں۔
چھٹی منزل سے گرنے والی نرس ماریا ازابیل گونزالز کو کئی چوٹیں آئیں اور ان کے جسم کی متعدد ہڈیاں ٹوٹیں تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان کی گرنے کی وجہ کیا تھی۔ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
ہسپتال کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ’ہم نہیں جانتے کہ کیا ہوا ہے۔‘
’ہمیں صرف یہ پتہ ہے کہ ایک سانحہ ہوا ہے اور بہت مشکل صورتحال ہے۔‘
یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق صبح نو بجے پیش آیا۔
ڈاکٹر ازابیل مونز ہسپتال کے صحن سے گزر کر کیفیٹیریا جا رہی تھیں جب نرس گونزالز ان پر آ گریں۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
ہسپتال کے ڈائریکٹر جوان کارلوس کا کہنا تھا ’ڈاکٹر مونز کو دماغ میں چوٹیں آئیں اور انہیں بچانے کی ہماری تمام تر کوششوں کے باوجود وہ چل بسیں۔ ‘