روٹرڈیم میں ویگن سے گیس کے کنستر ملنے پر کنسرٹ منسوخ

،تصویر کا ذریعہEPA
ہالینڈ کے شہر روٹرڈیم میں حکام نے ایک ویگن سے گیس کے کنستر ملنے کے بعد میوزک کنسرٹ منسوخ کر دیا ہے۔
حکام کو سپین کی پولیس کی جانب سے پہلے اطلاع ملی تھی اور اس کے بعد اس سینٹر کے قریب اسے وین میں گیس سے بھرے کنستر ملے ہیں جہاں کچھ دیر بعد کنسرٹ منعقد ہونا تھا۔
روٹرڈیم کے میئر احمد ابوطالب نے صحافیوں کو بتایا ہے کہ سپین میں رجسٹرڈ ویگن کے ڈرائیور کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔
کنسرٹ میں ایک امریکی بینڈ اللہ- لاس نے اپنے فن کا مظاہرہ کرنا تھا جسے ماضی میں بھی اپنے نام کی وجہ متعدد بار دھمکیاں مل چکی ہیں تاہم ہسپانوی پولیس کی جانب سے دی گئی وارننگ کے بعد پرفارمنس کو آخری لمحے میں منسوخ کر دیا گیا۔
میئر احمد ابوطالب کے مطابق ابھی تک ویگن اور دہشت گردی سے کسی تعلق کا تعین نہیں ہو سکا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
انھوں نے بتایا کہ کنسرٹ ہال کے اطراف میں سکیورٹی انتظامات کی وجہ سے گیس کے کنستروں سے بھری ویگن پکڑی گئی تاہم گیس کے کنستروں کا کسی خطرے سے تعلق ابھی واضح نہیں ہو سکا اور فوری نتیجہ اخذ کرنے سے گریز کیا جائے۔
سپین میں دہشت گرد حملے کے بعد سکیورٹی کے اضافی انتظامات کیے گئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ویگن کے ڈرائیور سے تفتیش کی جا رہی ہے جبکہ بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکار ویگن کا معائنہ کر رہے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق کنسرٹ کے مقام سے لوگوں کو باہر نکالتے وقت پولیس اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹس پہن رکھی تھیں۔
گذشتہ برس امریکی راک بینڈ اللہ-داس نے برطانوی اخبار گارڈین کو ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ اسے مسلمانوں کی جانب سے اکثر و اقات بینڈ کے نام کی وجہ سے دھکمیاں ملتی ہیں۔
خیال رہے کہ سپین کے شہر بارسلونا کے مختلف علاقوں میں گذشتہ جمعرات اور جمعے کو ہونے والے سلسلہ وار حملوں میں کم سے کم 15 افراد ہلاک اور 100 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے۔
دہشت گرد حملوں کی حالیہ لہر کے بعد پولیس کی کارروائیوں میں اب تک آٹھ مشتبہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جس میں پیر کو بارسلونا کے مغرب میں آخری مشتبہ شخص کو بھی گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔
منگل کو سپین کے عدالتی ذرائع کا کہنا تھا کہ بارسلونا میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے مبینہ منصوبہ سازوں نے ملک میں بڑے حملے کرنے کی منصوبے بندی کر رکھی تھی جن میں شہر کے اہم مقامات کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کا منصوبہ بھی شامل تھا۔





















