شامی تنصیبات پر میزائل حملے، متعدد جنگجو ہلاک

،تصویر کا ذریعہReuters
برطانیہ میں قائم مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ شمالی شام میں رات کو فوجی تنصیبات پر میزائل حملوں میں متعدد شامی حکومت کے حامی جنگجوؤں بشمول ایرانی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
شامی فوج کا کہنا ہے کہ حما اور حلب میں فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ فوج کے بیان میں ہلاکتوں کا ذکر نہیں کیا گیا۔
تاہم مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں چار شامی اور 22 غیر ملکی جنگجو مارے گئے ہیں جن میں اکثریت ایرانیوں کی ہے۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ میزائل حملے کس نے کیے۔ یاد رہے کہ شام میں فوجی تنصیبات کو مغربی ممالک اور اسرائیل نشانہ بنا چکا ہے۔
End of سب سے زیادہ پڑھی جانے والی
شامی فوج کے ایک ذرائع کے حوالے سے سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ اتوار کی رات کو شامی تنصیبات کو نئی جارحیت کا نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب دہشت گرد تنظیموں کو دمشق کے قریب شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
واضح رہے کہ حال ہی میں سرکاری فوج نے باغی گروپوں کو غوطہ میں شکست دی تھی۔

،تصویر کا ذریعہReuters
مانیٹرنگ گروپ کا کہنا ہے کہ ایک حملہ 47ویں بریگیڈ کے اس ڈپو پر کیا گیا ہے جہاں زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل رکھے جاتے ہیں۔
شام کی حزب مخالف کی حامی ویب سائٹ اورینٹ نیوز نے بھی رپورٹ کیا ہے کہ حملے کے بعد تنصیب میں دھماکے ہوتے دیکھے گئے۔
اطلاعات کے مطابق حما کے مغربی علاقے سلحب میں فوجی تنصیب اور نیراب فوجی ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
دوسری جانب ایرانی خبر رساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ جنوبی حما پر میزائل حملے میں اسلحے کے ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔ تاہم اس خبر کی تردید کی گئی ہے کہ اس حملے میں ایرانی فوجی مشیران ہلاک ہوئے ہیں۔























